ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی لیڈر بی سری راملو پر سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کاسخت حملہ

بی جے پی لیڈر بی سری راملو پر سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کاسخت حملہ

Mon, 22 Oct 2018 21:51:34    S.O. News Service

بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس اونیوز) سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بی جے پی لیڈر بی سری راملو پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رکن پارلیمان اور اسمبلی بننے کے بعد سری راملو نے ایک دن بھی لوک سبھااور اسمبلی میں اپنی زبان نہیں کھولی ہے، ایسے نمائندے کو منتخب کرکے بلاری کے لوگ کیا کرناچاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ سری راملوکی بہن جئے شانتا اس سے پہلے پانچ سال لوک سبھا کی ممبر رہ چکی ہیں لیکن ان پانچ سالوں میں کبھی لوک سبھا میں اپنی زبان نہیں کھولی۔

آج بلاری میں کانگریس امیدوار وی ایس اگرپا کے حق میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اگرپا کو کہا جارہا ہے کہ بلاری میں وہ باہر والے ہیں ، سری راملو ان کا مقابلہ کرنے بادامی پہنچ گئے تھے، کیا وہ بادامی میں پیدا ہوئے تھے، مولکامرو جاکر وہ انتخاب میں کامیاب ہوئے کیا وہ وہاں کے باشندے ہیں، اس طرح کے الزامات میں کوئی دم نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرپا اس دور سے سیاسی میدان سے وابستہ ہیں جب سری راملو نے آنکھیں بھی نہیں کھولی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرپا اگر بلاری سے جیت کر لوک سبھا میں نمائندگی کریں گے تو وہ ضلع کے مفادات کے تحفظ کے لئے آواز اٹھاسکیں گے۔ جئے شانتا اگر جیت کر لوک سبھاپہنچیں تو بلاری کے عوام کا کچھ بھلا نہیں ہوگا۔

سری راملو اور اگرپا کا موازنہ کیا جائے تو یہی بات سامنے آتی ہے کہ پارلیمانی اور جمہوری اصولوں سے سری راملو کو کچھ لینا دینانہیں ہے، صرف دولت کے غرور میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے جہاں کسانوں کے قرضے معاف کئے ہیں ریاست کے نمائندہ ہونے کے ناطے سری راملو نے لوک سبھا میں ایک بار بھی کسانوں کے قرضوں کی معافی کے لئے آواز نہیں اٹھائی ۔ سری راملو کو ٹھیک سے کنڑا بھی بولنے نہیں آتی۔ جن لوگوں کو ریاست اور ملک کے بارے میں کچھ بھی جانکاری نہ ہو وہ لوک سبھا جاکر کیا کریں گے، انہوں نے کہاکہ پچھلے پانچ سالوں سے مرکزمیں بی جے پی کی حکومت ہے ، بلاری حلقے کی ترقی کے لئے سری راملو نے مرکز سے کیا منصوبہ حاصل کیا ہے کم از کم اسی کو بیان کرے۔ 


Share: